الٹی میٹ کھو- کھو لیگ : گجرات جائنٹس نے اکشے بھانگرے کو اپنا کپتان مقرر کیا
کٹک، 21 دسمبر (ہ س)۔ الٹی میٹ کھو- کھو لیگ کا طویل الانتظار دوسراسیزن نزدیک ہے اور گجرات جائنٹس نے اپنے کپتان اور نائب کپتان کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسرا سیزن 24 دسمبر 2023 کو کٹک میں شروع ہوگا جس کا فائنل 13 جنوری 2024 کو ہوگا۔ گجرات جائنٹس 25 دسمبر کو راجستھان واریئرس کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
ادانی اسپورٹس لائن کی ملکیت والی گجرات جائنٹس کی کپتانی ممبئی کے اکشے بھانگرے سنبھالیں گے۔ الٹی میٹ کھو- کھو لیگ میں یہ 26 سالہ نوجوان کا پہلا قدم ہوگا۔ اکشے، جس نے پانچویں جماعت میں کھیلنا شروع کیا تھا، جو ایک ڈفینڈر ہیں نے سینئر اور جونیئر سطح پر قومی مقابلوں میں مہاراشٹر کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ مہاراشٹر کی سینئر ٹیم اور ہندوستانی کھو – کھو ٹیم کی کپتانی بھی کر چکے ہیں۔
پٹا نرسیا کو نائب کپتان کی ذمہ داری دی گئی ہے اور وہ ٹیم کی حکمت عملی اور منصوبہ بندی میں اکشے کی مدد کریں گے۔ آندھرا پردیش کے وجے نگرم کے 28 سالہ نوجوان الٹیمیٹ کھو- کھو لیگ میں اپنا دوسرا سیزن کھیلیں گے۔ بہت جارحانہ فطرت رکھنے والے پٹا کھو- کھو کے کھلاڑیوں پرسنا کمار اور امت پاٹل کے بہت بڑے مداح ہیں اور وہ ریاستی ٹیم کی کپتانی بھی کر چکے ہیں۔ جب ٹیم نے نیپال سے ٹیسٹ سیریز میں مقابلہ کیا تو پٹا نے بھی ہندوستانی رنگ جمایا۔
گجرات جائنٹس کی طرف سے بدھ کو جاری کردہ ایک آفیشل بیان میں، کپتان اکشے بھانگرے نے کہا، ’’الٹیمیٹ کھو کھو لیگ میں یہ میرا پہلا سیزن ہے اور میں اس بات پر فخر محسوس کرتا ہوں کہ گجرات جائنٹس نے کپتانی کےمعاملے میں مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ دی جائنٹس ایک بہت مضبوط فرنچائز ہے اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ ٹیم کو بلندیوں تک لے جانے کی پوری کوشش کروں گا۔‘‘
گجرات جائنٹس کے ہیڈ کوچ سنجیو شرما نے کہا، ’’گجرات جائنٹس نے ایک متوازن ٹیم تیار کی ہے۔ اڈانی اسپورٹس لائن کی انتظامیہ نے ہمیں اپنی ضرورت کے مطابق ٹیم بنانے کے لیے کھلی چھوٹ دی ہے۔ اکشے بھانگرے اور پٹا نرسیا اچھے لیڈر ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہم اپنی بہترین کارکردگی پیش کریں گے۔
اڈانی اسپورٹس لائن کے سی بی او سنجے اڈیسرا نے کہا، ’’کھو کھو ہندوستانی تاریخ کا ایک بہت بڑا حصہ ہے اور ہم اسے ملک کے سب سے زیادہ فالو کئے جانے والے کھیلوں میں سے ایک بنتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم نے کھوکھو میں گجرات جائنٹس کے ساتھ سرمایہ کاری کی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ کھیل کے وقار کو بلند کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ اڈانی اسپورٹس لائن میں ہم اس بات کو یقینی بنانے کے خواہاں ہیں کہ دیسی کھیلوں کو پھلنے پھولنے کے لیے موثر مدد ملے۔‘‘
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
