حیدرآباد، 20 ۔ دسمبر(ہ س)۔
ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور مرکزی وزارت صحت کی جانب سے تمام ریاستوں اورمرکزی زیرانتظام علاقوں میں محکمہ صحت کومکتوب روانہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیراختیارکرنے اورعوام کے لئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی کا مشورہ دیاگیاہے۔
حکومت تلنگانہ کومرکزی حکومت کی جانب سے مکتوب موصول ہونے کے فوری بعدوزیرصحت دامودھرراج نرسمہا کی صدارت میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے ریاست میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیااورعوام کومشورہ دیاکہ اگرضرورت محسوس ہوتوماسک کااستعمال شروع کردیں تاکہ کسی بھی طرح کے وبائی امراض کوپھیلنےسے روکا جاسکے۔ بتایاجاتاہے کہ دامودھرراج نرسمہانے اجلاس کے دوران ریاست تلنگانہ کے دواخانوں اورمراکزصحت میں موجود سہولتوں کاجائزہ لینے کے علاوہ عہدیداروں اور ڈاکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ وباء کو پھیلنے سے روکنے کے لئے چوکسی اختیار کریں اور عوام میں شعور اجاگر کرتے ہوئے انہیں وبائی امراض سے محفوظ رہنے کی تدابیر سے واقف کرواتے رہیں۔ ریاستی وزیر صحت نے بتایا کہ تلنگانہ میں حکومت کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے لئے پوری طرح سے تیار ہے اور ممکنہ حد تک عوام میں شعور اجاگر کرتے ہوئے انہیں وبائی امراض سے محفوظ رہنے کی تاکید کی جائے گی ۔ انہوں نے جائزہ اجلاس کے دوران عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ تہواروں کے موسم کے دوران عوام کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کریں اور انہیں ماسک کے استعمال کی تلقین کی جائے تاکہ پرہجوم مقامات پر کسی بھی طرح سے وباء کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
ہندوستھان سماچار/
/عطاءاللہ
