کولکاتا، 11 دسمبر (ہ س)۔ مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سمیت ریاست کے دیگر حصوں میں موسم میں اچانک تبدیلی آئی ہے۔ سائیکلون میچونگ کے اثر سے گزشتہ ہفتے مسلسل بارش کے بعد پیر کو درجہ حرارت میں اچانک پانچ ڈگری سیلسیس کی کمی واقع ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ آج اس موسم کا سرد ترین دن ہے۔ محکمہ موسمیات کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت کولکاتا میں ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت 15.3 ڈگری سیلسیس ہے جو کہ معمول سے ایک ڈگری کم ہے۔
اس سیزن میں یہ پہلا موقع ہے جب درجہ حرارت 15 ڈگری سیلسیس کے قریب پہنچا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی معمول سے تین ڈگری کم ہوکر محض 25 ڈگری سیلسیس پر جا پہنچاہے جس کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے۔ کولکاتا کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں بشمول ہاوڑہ، ہوگلی، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ، مشرقی اور مغربی مدنا پور، پورولیا، بانکوڑہ میں بھی درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ درج کی گئی ہے اور بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت 11 سے 14 ڈگری سیلسیس ہے۔ اس کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے۔ شمالی بنگال کے علی پور دوار، کوچ بہار، جلپائی گوڑی، دارجلنگ اور کالمپونگ میں بھی درجہ حرارت معمول سے تین سے چار ڈگری سیلسیس کم ہے، جس کی وجہ سے وہاں پہلے ہی شدید سردی پڑ رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اس پورے ہفتے بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ آسمان بھی صاف ہے اور درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے باعث سردی مزید بڑھے گی۔ شام کے قریب آتے ہی دھند پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ کم ہوگئی ہے۔ گاڑی چلانے والوں کو احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
