نئی دہلی ، 7 نومبر ۔
دہلی یونیورسٹی کے قریب کرسچن کالونی میں رہنے والے ایک طالب علم نے خودکشی کر لی ہے۔ وہ دہلی میں رہ کر مقابلہ جاتی امتحان کی تیاری کر رہا تھا۔ متوفی کا نام ونے راج ( 25) ہے ، جوبنیادی طور پر چھتر پور (مدھیہ پردیش) کا رہنے والا تھا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
ڈی سی پی منوج کمار مینا نے بتایا کہ گزشتہ اتوار کی رات تقریباً 10:00 بجے ماریس نگر پولیس اسٹیشن کو پی سی آر کال موصول ہوئی۔ فون کرنے والے نے بتایا کہ ونے کمار نامی لڑکے نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس کرسچن کالونی موقع پر پہنچ گئی۔ کیس کی تفتیش کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ متوفی نے کمرے کو اندر سے بند کرکے خودکشی کی تھی۔ پولیس نے فائر ڈپارٹمنٹ کو بھی دروازہ کھولنے کے لیے بلایا۔آس پاس کے لوگوں سے پوچھ گچھ سے معلوم ہوا کہ متوفی ونے راج مدھیہ پردیش کے علاقے چھتر پور کا رہنے والا تھا ، جو دہلی میں رہ کر مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کر رہا تھا۔ اس کے علاوہ وہ اوپن اسکول کے طالب علم بھی تھے۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ وہ ذہنی طور پر پریشان تھا۔ فی الحال پولیس کو جائے وقوعہ سے کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا ہے۔ پولیس نے اس کے اہل خانہ کو واقعے کی اطلاع دے دی ہے۔
