روڑکی، ۔ نانک متہ ڈیرہ کے سربراہ بابا ترسیم سنگھ کے قتل میں ملوث اہم ملزم امرجیت سنگھ کل رات اتراکھنڈ کے ہریدوار ضلع کے روڑکی کے بھگوان پور تھانہ علاقے کے املی کھیڑا روڈ پر پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ امرجیت سنگھ پر ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد سے پولیس اس کی تلاش کر رہی تھی۔ تاہم اس کا ایک ساتھی جنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
بھگوان پور تھانہ علاقہ کے املی روڈ پر دیر رات پولیس چیکنگ کر رہی تھی۔ اس دوران پولیس نے موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو روکنے کی کوشش کی۔ لیکن وہ املی کھیڑا کی طرف بھاگنے لگے۔ جب پولیس نے ان دونوں کا پیچھا کیا تو انہوں نے پولیس پر حملہ کردیا۔ پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی جس میں امرجیت نامی ملزم گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ لیکن اس کا ساتھی جنگل سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ زخمی امرجیت سنگھ کو پولیس نے سول اسپتال روڑکی میں داخل کرایا، جہاں ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دیدیا۔
اس اطلاع پر ایس ایس پی ہریدوار پرمیندر ڈوول بھی سول اسپتال پہنچے۔ انہوں نے واقعہ کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ پولیس اب اس کے مفرور ساتھی کی تلاش کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 28 مارچ کو ڈیرہ سربراہ ترسیم سنگھ کو نانک متہ میں کچھ شرپسندوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ قتل کے بعد بدمعاش فرار ہو گئے تھے۔ اس کے بعد پولیس نے دونوں بدمعاشوں پر ایک ایک لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔
