چنڈی گڑھ، 06 اگست (ہ س)۔
راجدھانی چنڈی گڑھ سے متصل پنجاب کے موہالی میں واقع ایک فیکٹری میں بدھ کی صبح سلنڈر دھماکے سے دو ملازمین ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ فیکٹری کی چھت اڑ گئی اور آس پاس کے گھروں کی دیواریں لرز گئیں۔ حادثے کا سبب بننے والے سلنڈر کے ٹکڑے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاو¿ں کمبالا میں گرے پائے گئے۔ دھماکے کے باعث جاں بحق مزدوروں کی لاشیں بھی بکھر گئیں۔
موہالی میں واقع یہ فیکٹری ہائی ٹیک انڈسٹری کے نام سے چل رہی ہے۔ آکسیجن سلنڈر یہاں سے ٹرائیسٹی کے تمام سرکاری اور نجی اسپتالوں میں بھیجے جاتے ہیں۔ یہ کمپنی یہاں تقریباً 30 سال سے چل رہی ہے۔ پولیس، فائر بریگیڈ اور ایف ایس ایل کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یہ دھماکہ فیکٹری کے آکسیجن پلانٹ میں اس وقت ہوا جب یہاں سلنڈر لوڈ کیے جا رہے تھے۔ اس دوران تقریباً 5 افراد اس کی زد میں آ گئے جن میں سے دو افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دھماکے کی وجوہات مکمل طور پر سامنے نہیں آسکی ہیں۔
ڈی ایس پی ہری سمرن بال اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ موہالی کے ایس ایس پی ہرمندیپ سنگھ ہنس نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا ہے۔ حادثے کے بعد انتظامیہ نے تمام سلنڈروں کو موقع سے ہٹا دیا ہے۔ ایف ایس ایل ٹیموں نے جائے وقوعہ سے نمونے لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ
