جموں ،5 دسمبر (ہ س)،جموں کے اکھنور علاقے میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے سنٹرل جیل کوٹ بلوال میں منشیات کی سپلائی کے سنسنی خیز گروہ کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ ماہ 22 نومبر کو پولیس اسٹیشن گھروٹہ میں اطلاع ملی کہ سنٹرل جیل کوٹ بلوال کے احاطے میں معمول کی تلاشی کے دوران کرکٹ کی گیند ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب گیند کو کھولا گیا تو گیند کے اندر سے ہیروئن نما کیپسول اور ایک پین ڈرائیو برآمد ہوئی۔اس ضمن میں پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/21/22 اور جیل ایکٹ کی دفعہ 42 کے تحت مقدمہ ایف آئی آر نمبر 92/2023 درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔ 28 نومبر کو ایک اور کرکٹ گیند کی بازیابی کے حوالے سے ایک اطلاع موصول ہوئی جس میں گیند کے کھلنے پر ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔ اسی مناسبت سے، ایک اور مقدمہ ایف آئی آر نمبر 97/2023 این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/21/22 اور جیل ایکٹ کی دفعہ 42 کے تحت پولس اسٹیشن گھروٹہ میں درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔ حساس مقام پر حالات کی سنگینی اور واقعات کی تعدد کو دیکھتے ہوئے ایس ڈی پی او اکھنور موہن لال شرما کی سربراہی میں ایس ایچ او اکھنور انسپکٹر ظہیر مشتاق اور ایس ایچ او گھروٹہ انسپکٹر جوگندر سنگھ کی مدد سے ایک خصوصی ٹیم ایس پی رورل راہول چارک نے تشکیل دی تھی۔ اس کے بعد خصوصی ٹیم نے تمام تکنیکی ڈیٹا اکٹھا کیا، جیل کے قیدیوں کا سروے کیا اور دیگر انسانی انٹیلی جنس کی مدد سے بالآخر مختلف مقامات سے تین مشتبہ افراد کو پکڑ لیا، جنہوں نے دوران تفتیش جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔پولیس کی طرف سے گرفتار کئے گئےملزمان کی شناخت راہول کمار سکنہ مکھن پور بشنہ، راہول کمار سکنہ کوٹھی کھور میران صاحب، اور ارجن کمار سکنہ کلیاں، آر ایس پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے ملزمان سے دو تیز دھار ہتھیار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور ان کے ذریعے چلائی جانے والی ایک گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے ۔
اصغر/ہندوستھان سماچار/سلام
