جموں و کشمیر میں خشک موسم کے باوجود سردی کی لہر میں مزید اضافہ
جموں، 6 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم بنیادی طور پر خشک رہا تاہم درجہ حرارت میں نمایاں کمی کی وجہ سے شدید سرد لہر نے پورے خطے کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ ہفتہ کو جموں شہر میں سیزن کا سب سے کم درجہ حرارت 4.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں وادی میں شدید خشک سردی نے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے پر مجبور کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری سیلسیس، گلمرگ میں منفی 4.5 اور پہلگام میں منفی 6.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ جموں شہر میں موسم کی سرد ترین رات کا درجہ حرات 4.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ کٹرا میں 5.6، بٹوت میں 2.3، بھدرواہ میں منفی 0.3 اور بانہال میں منفی 0.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ کے لیہہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12.8 ریکارڈ کیا گیا۔
بتا دیں کہ جموں و کشمیر میں چالیس دِنوں پر محیط سخت ترین سردی کا دورانیہ چلئے کلاں جاری ہے۔ 21 دسمبر کو شروع ہونے والا چلئے کلاں 30 جنوری کو ختم ہو گا تاہم اب تک چلئے کلاں بغیر کسی برف باری کے خشک رہا ہے۔ اگر چلئے کلاں کے بقیہ حصے میں مناسب برف نہیں پڑتی تو یہ کشمیر کے لیے بری خبر ہو گی۔ ان 40 دنوں کے طویل عرصے کے دوران بھاری برف باری کی وجہ سے کشمیر کے اونچے علاقوں میں تمام بارہ ماسی آبی ذخائر بھر جاتے ہیں۔ اس سے جھیلوں، ندیوں اور چشموں سمیت مختلف آبی ذخائر گرمیوں کے مہینوں میں پہاڑوں میں برف کے ذخائر سے برقرار رہتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
