حیدرآباد، 19 ۔ دسمبر(ہ س)۔
وزیراعلی ریونت ریڈی نے ریاست میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرمیں مبینہ بے قاعدگیوں پرتوجہ مرکوزکی ہے۔حکومت نے کالیشورم پراجکٹ کے تحت میڈی گڈہ بیاریج کے کاموں میں نقائص کی برسرخدمت ہائیکورٹ جج کے ذریعہ تحقیقات کااعلان کیاہے۔ریونت ریڈی نے وزیرآبپاشی اتم کمارریڈی کے ہمراہ محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں کالیشورم اورمیڈی گڈہ پراجکٹ میں مبینہ خامیوں پرعہدیداروں سے وضاحت طلب کی گئی۔وزیراعلی نے عہدیداروں سے کہاکہ میڈی گڈہ بیاریج کی تعمیر کے سلسلہ میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ غیر معیاری کاموں کے نتیجہ میں بیاریج کے پلرس پانی میں دھنس چکے ہیں جس کے نتیجہ میں بیاریج کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔وزیراعلی نے واضح کیاکہ حکومت آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں بے قاعدگیوں کا پتہ چلانے میں سنجیدہ ہے اور جو بھی قصوروار پائے جائیں اُنھیں بخشا نہیں جائے گا۔ اُنھوں نے بی آر ایس دور حکومت میں تعمیر کردہ پراجکٹس پر ہوئے اخراجات کی مکمل تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی۔ اُنھوں نے پڑوسی ریاستوں کے ساتھ آبی تنازعہ کی یکسوئی کے لئے کرشناریور ٹریبونل میں تلنگانہ کی دعویداری پرحکام سے سوالات کئے۔
وزیراعلی نے کہاکہ کسانوں کودوسری فصل کے لئے پانی کی مؤثرفراہمی کویقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔اُنھوں نے کہاکہ دیگرریاستوں سے آبی تنازعہ کی عاجلانہ یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں تاکہ پانی کی سپلائی میں دشواری نہ ہو۔وزیراعلی نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ تمام ترتفصیلات جلدپیش کریں تاکہ حکومت کومنصوبہ بندی کرنے میں مددملے۔
ہندوستھان سماچار//محمد
