بالاگھاٹ، یکم ستمبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے نکسل متاثرہ بالاگھاٹ ضلع کے بورون جنگل میں اتوار کی دیر رات آسمانی بجلی گرنے سے ہاک فورس کے تین جوان جھلس گئے۔ تینوں کو فوری طور پر نازک حالت میں بہتر علاج کے لیے گونڈیا (مہاراشٹر) ریفر کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ بالاگھاٹ کے ایس پی آدتیہ مشرا نے اس کی تصدیق کی ہے۔
معلومات کے مطابق حادثہ اتوار کی دیر رات تقریباً 11.30 بجے پیش آیا۔ ہاک فورس کے جوان کرن پور تھانہ علاقہ کے بورو ن جنگل میں نکسلیوں کے خلاف آپریشن کر رہے تھے۔ رات کو جوان تلاش کر رہے تھے۔ اس دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بارش سے بچنے کے لیے تینوں جوان خیمے میں آرام کر رہے تھے۔ اچانک قریبی بانس کے جنگل میں ایک زوردار گرج کے ساتھ بجلی گری جس میں تین جوان اس کی زدمیں آگئے۔ بجلی کے زوردار جھٹکے سے جوان جھلس گئے اور موقع پر افراتفری مچ گئی۔ زخمیوں میں ہیڈ کانسٹیبل دیویندر، کانسٹیبل چھترپال اور اجول شامل ہیں۔ اطلاع ملتے ہی دیگر جوان موقع پر پہنچ گئے، انہیں فوری طور پر گونڈیا کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا۔ یہاں ان کی حالت مستحکم ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ
