نئی دہلی، 04 نومبر (ہ س): کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو اور کیرالہ کے وزیر اعلی کو ایک خط لکھ کر ٹرینوں میں خواتین کے لئے حفاظتی انتظامات کو مضبوط بنانے اور کیرالہ ایکسپریس واقعہ جس میں ایک نوجوان خاتون کو چلتی ٹرین سے دھکیل دیا گیا تھا کے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر ریلوے کو لکھے خط میں وینوگوپال نے کہا کہ ایک نشے میں دھت شخص نے ایک 19 سالہ خاتون کو ورکلا کے قریب چلتی ٹرین سے دھکیل دیا، جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہوگئی۔ ملزم نے اس کی دوست کو بھی دھکا دینے کی کوشش کی تاہم وہ فرار ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ کانگریس لیڈر نے وزارت ریلوے پر زور دیا کہ وہ ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی میں اضافہ کرے، خواتین کے لیے مخصوص ڈبوں کی سخت نگرانی کرے، اور ریلوے کے سیکورٹی نظام کا آزادانہ آڈٹ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرینوں میں خواتین سے متعلق شکایات میں 2023-24 کے مقابلے 2024-25 میں 64 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ انتہائی تشویشناک ہے۔ وینوگوپال نے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ کو بھی خط لکھ کر اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے اور متاثرہ کو جلد انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ ریاست میں خواتین کی حفاظت پر سنگین سوال اٹھاتا ہے۔ وینوگوپال نے وزیراعلیٰ پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔
—————
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی
