نئی دہلی، 30 نومبر (ہ س)۔ الیکشن کمیشن نے ملک کی 12 ریاستوں میں جاری ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کے عمل سے متعلق ایس آئی آر کی تاریخوں میں تبدیلی کی ہے اور ان میں ایک ہفتہ کی توسیع کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اب ڈرافٹ ووٹر لسٹ 9 کے بجائے 16 دسمبر اور حتمی ووٹر لسٹ 7 فروری کی بجائے 14 فروری کو شائع کی جائے گی۔
اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آءی آر) کے نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام سرگرمیوں کی آخری تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔ نئے شیڈول کے تحت پولنگ اسٹیشنوں کی گنتی اور تنظیم نو کا عمل اب 11 دسمبر 2025 تک مکمل ہو جائے گا۔ کنٹرولر ٹیبل کی اپ ڈیٹ اور ڈرافٹ ووٹر لسٹ کی تیاری کا کام 12 سے 15 دسمبر 2025 تک کیا جائے گا جبکہ ووٹر لسٹ کا مسودہ 16 دسمبر کو شائع کیا جائے گا اور اعتراضات جمع کرانے کی مدت 20 دسمبر تک رکھی گئی ہے۔ 16 دسمبر 2025، سے 15 جنوری، 2026۔ نوٹس کا مرحلہ، جس میں گنتی کے فارموں اور دعووں اور اعتراضات کا اجراء، سماعت، تصدیق اور فیصلہ شامل ہے، 16 دسمبر 2025 سے 7 فروری 2026 تک چلے گا۔ جبکہ حتمی ووٹر لسٹ 14 فروری 2026 کو شائع کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن مغربی بنگال، مہاراشٹر اور اتر پردیش سمیت 12 ریاستوں میں ووٹر لسٹوں کو اپ ڈیٹ کر رہا ہے۔ ایسا کرنے کے لیے، الیکشن کمیشن شہریت اور مقامی رہائش کی بنیاد پر ووٹرز کے ناموں کو انتخابی فہرستوں میں شامل کرنے اور ہٹانے کے لیے اسپیشل سکروٹنی ریویژن(ایس آءی آر) کا عمل کر رہا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن اس معاملے پر الیکشن کمیشن اور حکومت پر حملہ آور ہے۔ اپوزیشن نے آج کے آل پارٹی اجلاس میں بھی یہ معاملہ اٹھایا۔ کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے کہا کہ حکومت جلد بازی میں ایس آئی آر عمل کر رہی ہے۔ آج اس کی تاریخوں میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی گئی ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مزید وقت لیا جانا چاہیے کہ ووٹر لسٹ سے کوئی بھی محروم نہ رہے۔
—————
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی
