سردار پٹیل نے ہندوستان کو متحد اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا: شاہ
نئی دہلی، 31 اکتوبر ۔ مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے ہندوستان کو متحد اور مضبوط بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ منگل کو دہلی میں سردار پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ ’’رن فار یونٹی‘‘ کو ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے شاہ نے کہا کہ ہمیں سردار کے خوابوں کے ہندوستان کی تعمیر کرنا ہے۔ ہمیں قوم کو ہر حال میں متحد رکھنا ہے اور ملک کو ہر میدان میں مضبوط کرنا ہے۔
شاہ نے کہا کہ انگریزوں نے اس ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی سازش کی تھی لیکن سردار پٹیل نے اسے ٹوٹنے نہیں دیا۔ جب انگریز ملک چھوڑ کر چلے گئے تو ہم 550 سے زیادہ شاہی ریاستوں میں تقسیم ہو چکے تھے لیکن چند ہی دنوں میں سردار پٹیل نے ان شاہی ریاستوں کو متحد کر کے مادر ہند کا خوبصورت نقشہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
شاہ نے دہلی میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ ‘’’رن فار یونٹی‘‘ کوہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ریس میں حصہ لینے والے شرکاء سے قومی اتحاد کا حلف بھی لیا۔
