دہلی کے لوگوں کی سانسوں پر ستم، ہوا کے معیار میں کوئی بہتری نہیں
نئی دہلی، 25 نومبر (ہ س)۔ قومی راجدھانی دہلی کے لوگوں کی سانسوں پر ستم جاری ہے۔ ہوا کے معیار میں فی الحال کوئی بہتری نظر نہیں آرہی۔ آلودگی کی وجہ سے دہلی کی ہوا ’’سنگین‘‘ زمرے میں پہنچ گئی ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق، آج (ہفتہ) کی صبح دارالحکومت کے کئی مقامات پر مجموعی طور پر ہوا کے معیار کا انڈیکس (اے کیو آئی) 400 سے زیادہ درج کیا گیا ہے۔ جہانگیر پوری میں 468، بوانا میں 466، آنند وہار میں 450، اشوک وہار میں 441، دوارکا سیکٹر 8 میں 439، براڑی میں 427، آئی جی آئی ایئرپورٹ پر 423، آئی ٹی او میں 388 اور آیا نگر میں 383 اے کیو آئی درج کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کی بات کریں تو جمعہ کی صبح اے کیو آئی آنند وہار میں 411، علی پور میں 432، وزیر پور میں 443، آر کے پورم میں 422 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق جمعرات کو دہلی کا اے کیو آئی 390 تھا۔ ارتھ سائنسز کی وزارت کے ایئر کوالٹی ارلی وارننگ سسٹم کے مطابق اگلے دو تین دنوں میں ہوا کی رفتار عام طور پر دس کلومیٹر سے نیچے رہنے کا امکان ہے۔ ایسی صورت حال میں ہوا کے معیار مین بہتری کے آثار نہیں ہیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
