چنڈی گڑھ، ۔
غداری کے الزام میں آسام کی ڈبرو گڑھ جیل میں بند خالصتان کے حامی بنیاد پرست امرت پال پنجاب کی کھڈور صاحب سیٹ سے لوک سبھا الیکشن لڑیں گے۔ جمعہ کو امرت پال نے آسام کی ڈبرو گڑھ جیل سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ الیکشن کمیشن نے عام طریقہ کار کے مطابق ان کی نامزدگی کو قبول کیا اور جمعہ کی شام ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا۔ اب کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔ کھڈور صاحب لوک سبھا حلقہ سے اب تک امرت پال سمیت آٹھ امیدواروں نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔
دراصل کھڈور صاحب لوک سبھا حلقہ پہلے ہی پنتھک سیٹ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ امرت پال سنگھ وارث پنجاب دے نامی تنظیم چلاتے ہیں۔ امرت پال سنگھ کے وکیل نے نامزدگی داخل کرنے کے لیے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ جس میں امرت پال نے نامزدگی داخل کرنے کے لیے 7 دن کی توسیع مانگی تھی۔ سماعت کے دوران عدالت نے ڈبرو گڑھ جیل انتظامیہ کو پیر تک نامزدگی داخل کرنے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے جمعہ کو ہی یہ کارروائی مکمل کی۔ نامزدگی کے لیے اپنے حلف نامہ میں امرت پال کے 11 معاملات کا ذکر کیا گیا ہے۔
