نئی دہلی، 19 فروری ۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج (پیر) اتر پردیش کے دورے پر ہوں گے۔ وہ سب سے پہلے صبح ساڑھے دس بجے سنبھل میں سری کلکی دھام کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس کے بعد یوپی گلوبل انویسٹرس سمٹ2023- کے چوتھے گراونڈ بریکنگ تقریب میں پورے اترپردیش میں 10 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے 14000 منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔ یہ اطلاع حکومت ہند کے پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی ) نے ایک ریلیز میں دی ہے۔ بی جے پی نے اپنے ایکس ہینڈل پر وزیر اعظم کے دورے کے بارے میں مختصر تصویری معلومات بھی شیئر کی ہیں۔
پی آئی بی کے مطابق، صبح تقریباً 10:30 بجے، وزیر اعظم سنبھل ضلع میں سری کلکی دھام مندر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم سری کلکی دھام مندر کے ماڈل کی نقاب کشائی کریں گے اور اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ سری کلکی دھام سری کلکی دھام تعمیر ٹرسٹ کی طرف سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس کے صدر آچاریہ پرمود کرشنم ہیں۔ اس پروگرام میں کئی سنت، مذہبی رہنما اور دیگر معززین شرکت کریں گے۔
ریلیز کے مطابق تقریباً 1:45 بجے، وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال فروری میں منعقدہ یوپی گلوبل انویسٹرس سمٹ-2023 (یو پی جی آئی ایس 2023) کے دوران موصول ہونے والی سرمایہ کاری کی تجاویز کے چوتھے گراونڈ بریکنگ تقریب میں پورے اترپردیش میں 10 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت کی 14000 اسکیم کا افتتاح کریں گے۔ ان منصوبوں کا تعلق مینوفیکچرنگ، قابل تجدید توانائی، آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس، فوڈ پروسیسنگ، ہاوسنگ اور رئیل اسٹیٹ، مہمان نوازی اور تفریح اور تعلیم جیسے شعبوں سے ہے۔ اس پروگرام میں تقریباً 5000 شرکا شرکت کریں گے۔ ان میں معروف صنعت کار، اعلیٰ عالمی اور ہندوستانی کمپنیوں کے نمائندے، سفیر، ہائی کمشنر اور دیگر معزز مہمان شامل ہوں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دورہ اتر پردیش (اتوار) کے موقع پر اپنے ایکس ہینڈل پر ایک جذباتی پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا ہے، ”اتر پردیش کے سنبھل میں سری کلکی دھام ملک بھر کے عقیدت مندوں کے عقیدے کی علامت ہے۔ کل صبح تقریباً 10:30 بجے یہاں ایک عظیم الشان مندر کا سنگ بنیاد رکھنے کی سعادت حاصل ہوگی۔ اس کے بعد، تقریباً 1:45 بجے، میں یوپی گلوبل انویسٹرس سمٹ کی چوتھی سنگ بنیاد تقریب میں ریاست کی ترقی سے متعلق کئی اہم پروجیکٹوں کا افتتاح بھی کروں گا۔
