امت شاہ آج نیشنل کوآپریٹیو ڈیٹابیس قوم کو وقف کریں گے
نئی دہلی، 8 مارچ ۔ مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ آج (جمعہ) کو نئی دہلی میں ’’نیشنل کوآپریٹو ڈیٹا بیس‘‘ قوم کو وقف کریں گے۔ ’’نیشنل کوآپریٹو ڈیٹا بیس-2023 ایک رپورٹ‘‘ کا اجرا بھی کریں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’تعاون سے خوشحالی‘‘ کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی طرف وزارت تعاون کی یہ اب تک کی سب سے بڑی پہل ہے۔
پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی) کے مطابق وزیراعظم کے وژن کے مطابق وزارت تعاون نے ملک کے بڑے کوآپریٹیو سیکٹر کے بارے میں اہم معلومات جمع کرکے ایک مضبوط ڈیٹا بیس کی ضرورت کو محسوس کیا ہے۔ کوآپریٹیو اکنامک ماڈل کو فروغ دینے کے لیے یہ ڈیٹا بیس ریاستی حکومتوں، قومی ایسو سی ایشنوں اور اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔
پی آئی بی کے مطابق نیشنل کوآپریٹو ڈیٹا بیس کی لانچنگ تقریب میں تقریباً 1400 شرکاء حصہ لیں گے۔ ان میں مرکزی وزارتوں اور محکموں کے سکریٹریز، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام صوبوں کے ایڈیشنل چیف سکریٹریز، پرنسپل سکریٹریز، کوآپریٹیو سوسائٹیز کے رجسٹرار، ملک بھر سے کوآپریٹو سوسائٹیز، کوآپریٹیو ایسوسی ایشنز اور یونینوں وغیرہ کے نمائندے شامل ہیں۔ صبح کی نشست میں ایک تکنیکی ورکشاپ بھی منعقد کی جائے گی۔ ورکشاپ میں شرکاء کو اس کے استعمال، ایپلی کیشنز اور ملک کے کوآپریٹیو لینڈ اسکیپ کو بہتر بنانے کی صلاحیت کے بارے میں معلومات فراہم کی جائے گی۔
پی آئی بی کے مطابق نیشنل کوآپریٹیو ڈیٹا بیس ایک ویب پر مبنی ڈیجیٹل ڈیش بورڈ ہے۔ ڈیٹا بیس نے مختلف شعبوں کی تقریباً آٹھ لاکھ کوآپریٹو سوسائٹیوں کےساتھ ان کی 29 کروڑ سے زیادہ کی اجتماعی رکنیت کی معلومات کو جمع کیا ہے۔ اس ڈیٹا بیس کا آغاز تعاون کے شعبے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ یہ اقدام نچلی سطح پر مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔ یہ ایک خوشحال اور خود انحصار ہندوستان کے وژن کے مطابق ہے۔
