کلو، 28 اکتوبر (ہ س)۔ بین الاقوامی کلو دسہرہ میں آتشزدگی کا بڑا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس کی وجہ سے میلے میں آئے دیوی دیوتاوں کے ٹینٹ جل کر خاکستر ہو گئے۔ یہی نہیں کئی دکانیں بھی راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئیں۔
آگ لگنے کا واقعہ جمعہ کی رات تقریباً 2 بجے اس وقت پیش آیا جب ڈھالپور میدان میں واقع دیوتاوں کی عارضی رہائش گاہ (ٹینٹ) میں اچانک آگ کے شعلے اٹھنے لگے۔آگ کے شعلے اور دھواں اٹھتا دیکھ کر وہاں موجود لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ دیوی دیوتاوں کے خیمے میں موجود عقیدت مندوں نے دیوی دیوتاوں کے رتھوں کو باہر نکال لیا لیکن آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ وہ دیگر اشیا کو نکالنے کے لیے واپس خیمے میں نہیں جا سکے۔
آگ میں دیوی دیوتاوں کے سامان کے ساتھ موسیقی کے آلات بھی جل گئے۔ آگ کے شعلے ملحقہ دکانوں تک بھی پہنچ گئے اور کئی دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ آگ لگنے سے دکانوں میں موجود سامان جل کر راکھ ہو گیا۔
فائر بریگیڈ نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔ اس کے بعد اچانک خیمے میں رکھا گیس سلنڈر پھٹ گیا تاہم فائربریگیڈ کے اہلکاروں کی خوش قسمتی تھی کہ سلنڈر سے آگ کے شعلے مخالف سمت میں چلے گئے ورنہ حادثہ بڑا ہو سکتا تھا۔ ایک پولیس اہلکار کے ساتھ ایک دیلو بھی آگ میں جھلس گیا، جسے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
آگ لگنے سے 30لاکھ روپے کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ آگ لگنے سے 13 دیوی دیوتاوں کے خیمے اور 5 دکانیں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی ہیں اور ملحقہ دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ ریونیو کی ٹیم آگ سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کلو آشوتوش گرگ نے کہا کہ متاثرین کو جلد ہی امدادی رقم کے ساتھ سامان بھی دیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
