نئی دہلی، 3 دسمبر (ہ س)۔ ملک کی چار ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں آج (اتوار) صبح آٹھ بجے سے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔ اس کے فوراً بعد ان چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے ابتدائی رجحانات بھی آنا شروع ہوگئے ہیں۔ دوپہر ایک بجے تک تصویر کافی حد تک واضح ہونے کا امکان ہے۔
چھتیس گڑھ میں 20 سیٹوں کے لیے پہلا مرحلہ 7 نومبر کو، دوسرا مرحلہ 70 سیٹوں کے لیے 17 نومبر کو، مدھیہ پردیش کی تمام 230 سیٹوں کے لیے 17 نومبر کو، راجستھان کی 200 سیٹوں کے لیے 25 نومبر کو اور تلنگانہ کی 119 سیٹوں کے لیے 30 نومبر کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ ان چار ریاستوں میں سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مدھیہ پردیش میں 2003 سے برسراقتدار ہے۔ 2018 میں حکومت بنانے کے باوجود کانگریس اقتدار برقرار نہیں رکھ سکی۔ بی جے پی دوبارہ اقتدار میں آئی اور شیوراج سنگھ چوہان چوتھی بار وزیر اعلیٰ بنے۔
راجستھان میں 1998 سے کانگریس اور بی جے پی باری باری اقتدار میں آ رہی ہیں۔ اس بار کانگریس پرانی پنشن اور اس کی ضمانت کی بنیاد پر اقتدار کی تبدیلی کی روایت کو بدلنے کا دعویٰ کر رہی ہے۔ لیکن بی جے پی کو حکمرانی میں تبدیلی کی امید ہے۔ ایگزٹ پول میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس بار تلنگانہ میں کانگریس نے بھارت راشٹرا سمیتی سے زیادہ عوامی اعتماد حاصل کیا ہے۔ اس بار کانگریس چھتیس گڑھ میں اقتدار برقرار رکھنے کے لیے بے چین ہے۔
ہندوستھان سماچار//سلام
