

رانچی، 15 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کی صبح راجدھانی رانچی کے جیل روڈ پر واقع بھگوان برسا منڈا میوزیم کم فریڈم فائٹرز میوزیم کا دورہ کیا۔ دھرتی آبا بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش پر انہوں نے میوزیم میں بھگوان برسا منڈا کے مجسمے پر پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کچھ دیر بعد وزیر اعظم رانچی سے کھونٹی کے لیے روانہ ہو گئے۔
وزیر اعظم نے ’دھرتی آبا کاراکشک’ اور کمپلیکس میں نصب شہیدوں کے مجسموں کا بھی دورہ کیا۔ وزیر اعظم کے ساتھ گورنر سی پی رادھا کرشنن،وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین اور مرکزی وزیر ارجن منڈا بھی تھے۔ وزیر اعظم اس بیرک کو دیکھنے بھی گئے جہاں بھگوان برسا منڈا نے اپنے آخری دنوں میں آخری سانس لی تھی۔
اس دوران وزیر اعظم نے بیرک میں موجود بھگوان برسا منڈا کے مجسمے پر پھول چڑھائے اور پورے ملک کی جانب سے انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی خدمات کو یاد کیا۔ وزیر اعظم بھگوان برسا منڈا میموریل پارک اور میوزیم میں تقریباً آدھے گھنٹے تک رہے۔ اس کے بعد وہ بھگوان برسا منڈا کے گاوں اولیہاتو (کھونٹی) کے لیے روانہ ہوگئے۔
ہندوستھان سماچار
