وزیر اعظم مودی آج کریں گے ’من کی بات‘
نئی دہلی، 26 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج (اتوار) ایک بار پھر ہم وطنوں کے ساتھ ’’من کی بات‘‘ شیئر کریں گے۔ یہ ’’من کی بات‘‘ کا 107 واں ایڈیشن ہوگا۔ ممبئی پر دہشت گردانہ حملے کی 15 ویں برسی پر منعقد ہونے والے اس ’’من کی بات‘‘ میں وہ اس حملے کے تناظر میں دہشت گردی پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
وزیر اعظم بننے کے بعد نریندر مودی نے 3 اکتوبر 2014 کو پروگرام ’’من کی بات‘‘ شروع کیا۔ اس کے لیے انہوں نے سب سے پہلے ریڈیو یعنی آل انڈیا ریڈیو کو اپنا میڈیم منتخب کیا جس کی وجہ سے نئے دور میں ریڈیو کی اہمیت ایک بار پھر اجاگر ہوئی۔ اکتوبر 2014 سے ہر مہینے کے آخری اتوار کو صبح 11 بجے وزیر اعظم مودی کی ’’من کی بات‘‘ کی روایت جاری ہے۔
اب ’’من کی بات‘‘ ملک کی 23 زبانوں اور 29 بولیوں کے ساتھ ساتھ 11 غیر ملکی زبانوں میں نشر کی جاتی ہے۔ وزیر اعظم مودی ’’من کی بات‘‘ کے لیے اپنے پورٹل کے ذریعے لوگوں سے تجاویز بھی طلب کرتے ہیں اور انہیں اپنی بحث میں شامل کرتے ہیں۔
وزیر اعظم مودی کا یہ سب سے زیادہ مشہور پروگرام ہے۔ اس میں وہ نہ صرف موجودہ حالات و واقعات پر گفتگو کرتے ہیں بلکہ ’’من کی بات‘‘ کے ذریعے ملک بھر میں ہونے والے متاثر کن تجربات کو بھی توجہ میں لاتے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کی گفتگو کے بعد کن کن این جی اوز اور اداروں کو ان کی بحث کے بعد فائدہ پہنچا یا ان کے کام کو فروغ ملا،اس کا بھی ذکر کرتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
