دہرادون، 22 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی اترکاشی کے سلکیارا ٹنل میں پھنسے 41 مزدوروں کی بحفاظت واپسی کے لیے چلائے جا رہے راحت اور بچاو کاموں کے بارے میں مسلسل اپ ڈیٹ لے رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے بدھ کے روز پانچویں بار اتراکھنڈ کے وزیر اعلی کو فون کرکے ضروری فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے وزیر اعظم کے ساتھ اپنی بات چیت کی معلومات دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نے فون پر بات کی اور سلکیارا، اترکاشی میں زیر تعمیر سرنگ میں پھنسے مزدوروں کو خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیا کی فراہمی اور انہیں بحفاظت باہر نکالنے کے لیے جاری بچاو کارروائیوں کے بارے میں معلومات لیں۔
وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم کو مرکزی ایجنسیوں، بین الاقوامی ماہرین اور ریاستی انتظامیہ کے درمیان باہمی تال میل سے چلائے جا رہے بچاو آپریشن کے بارے میں بتایا۔ اس دوران انہیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی مثبت پیش رفت اور کارکنوں اور ان کے اہل خانہ کے درمیان بات چیت سے بڑھے حوصلے کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں اس مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لئے وزیراعظم سے مسلسل رہنمائی مل رہی ہے۔ جو ہم سب کو مزدور بھائیوں کو پوری طاقت کے ساتھ جلدی اور بحفاظت باہر نکالنے کے لیے ہر روز نئی توانائی فراہم کرتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
