نئی دہلی، 31 دسمبر (ہ س)۔
ہندوستانی بحریہ نے وائس ایڈمرل وی سری نواس کوبحریہ کی جنوبی کمان یعنی سدرن نیول کمانڈ کا نیا کمانڈر مقرر کیا ہے۔ انہوں نے اتوار کو نیول بیس، کوچی میں ایک رسمی پریڈ میں 30ویں فلیگ آفیسر کمانڈنگ ان چیف کا عہدہ سنبھالا۔ انہوں نے وائس ایڈمرل ایم اے ہمپی ہولی سے چارج سنبھالا، جو ہندوستانی بحریہ میں تقریباً چار دہائیوں کے شاندار کیریئر کے بعد آج ریٹائر ہو گئے۔ دونوں افسران نے ان تمام اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے وار میموریل پر پھول چڑھائے جنہوں نے قوم کی خدمت میں اعلیٰ ترین قربانیاں دی ہیں۔
وائس ایڈمرل وی سری نواس نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کے سابق طالب علم ہیں اور یکم جولائی 1987 کو ہندوستانی بحریہ میں کمیشن حاصل کیا گیا تھا۔ آبدوز شکن جنگی ماہر کے طور پر اس نے فرنٹ لائن آبدوزوں آئی این ایس شالکی، آئی این ایس شیشومار اور آئی این ایس شنکول (آپریشن وجے کے دوران) میں خدمات انجام دیں۔ اپنے 36 سالہ کیریئر میں انہوں نے دو بار آئی این ایس شنکول، دو بار ڈسٹرائر آئی این ایس رنویر اور جوہری آبدوز آئی این ایس چکرا کی کمانڈ کی۔ انہیں ہندوستانی بحریہ کے ان دو افسروں میں سے ایک ہونے کا اعزاز حاصل ہے جنہوں نے فرنٹ لائن جنگی جہاز کے ساتھ ساتھ ایک ایس ایس این کی کمانڈ کی۔
وہ ویلنگٹن میں ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج اور گوا کے نیول وار کالج سے گریجویٹ ہیں، جہاں انہیں سی آئی این سی آئی کا سلور میڈل اورسی ڈی ایم سکندرآباد میں سینئر ڈیفنس مینجمنٹ کورس سے نوازا گیا۔ ان کے پاس آپریشنز پون، وجے اورپراکرم میں حصہ لینے کا تجربہ ہے اور جوہری سلامتی کے شعبے میں مہارت ہے۔ فلیگ آفیسر کے طور پر انہوں نے کمانڈنگ مہاراشٹر نیول ایریا، پروجیکٹ ڈائریکٹر (آپریشنز اینڈ ٹریننگ) اور انسپکٹر جنرل نیوکلیئرسیفٹی کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہیں 2009 میں نو سینا میڈل اور 2021 میں اتی وششٹ سیوا میڈل سے نوازا گیا۔
ہندوستھان سماچار/محمد
