ماسکو میں دہشت گردانہ حملہ، 60 سے زائد افراد ہلاک، 80 زخمی
ماسکو، 23 مارچ روس کے دارالحکومت ماسکو کے شہر کراسنوگورسک میں کروکس سٹی ہال (میوزک وینیو) میں دہشت گردانہ حملے میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔ روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق یہ حملہ جمعہ کی شام کو ہوا۔
تاس نے روسی جانچ ایجنسی کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسالٹ رائفلوں سے لیس نامعلوم مسلح افراد نے کروکس سٹی ہال میں ایک کنسرٹ کے دوران دھاوا بول دیا اور فائرنگ کی۔ اس دوران دھماکے سے عمارت لرز گئی اور آگ لگ گئی۔ ابتدائی جانچ میں دہشت گردانہ حملے میں 60 سے زائد افراد کے مارے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ موقع واردات پر روسی جانچ کمیٹی کے ماہرین وزارت برائے امور داخلہ اور وفاقی سیکورٹی سروس کے آپریشنل یونٹوں کے ساتھ مل کر جانچ کر رہی ہیں۔
کراسنوگورسک شہر کے محکمہ صحت نے زخمیوں کی فہرست جاری کی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق کروکس سٹی ہال پر دہشت گردانہ حملے کے بعد ماسکو کے وقت کے مطابق صبح 2 بجے تک 80 افراد کو ماسکو کے اسپتالوں میں لے جایا گیا۔ محکمہ نے اسپتال میں داخل لوگوں کی حالت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔ دریں اثنا ماسکو کے میئر سرگیئی سوبیانن نے اگلے دو دنوں کے دوران دارالحکومت میں ہونے والی تمام اجتماعی تقریبات کو منسوخ کر دیا ہے۔
