وزیر اعظم مودی پہنچے بھوٹان، پارو ہوائی اڈے پر پرتپاک استقبال
تھمپو، 22 مارچ ۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی بھوٹان کے دو روزہ سرکاری دورے پر آج یہاں پہنچے۔ بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ ٹوبگے نے پارو ہوائی اڈے پر اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو گلے لگا کر گرمجوشی سے خوش آمدید کہا۔ وزیر اعظم مودی 22 سے 23 مارچ تک پڑوسی ملک میں قیام کریں گے۔ اس سے قبل پارو ایئرپورٹ پر خراب موسم کے باعث بھارتی وزیراعظم مودی کا 21 مارچ کو بھوٹان کا دورہ ملتوی کردیا گیا تھا۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی آج صبح تقریباً 7 بجے نئی دہلی سے بھوٹان کے لیے روانہ ہوئے۔ بھوٹان روانہ ہونے سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ایکس پوسٹ میں لکھا، ’’میں ہندوستان-بھوٹان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے مختلف پروگراموں میں حصہ لوں گا۔ میں بھوٹان کےبادشاہ ہز میجسٹی، ہز میجسٹی فورتھ ڈروک گیالپو اور وزیر اعظم کے ساتھ بات چیت کا منتظر ہوں۔‘‘
اس سے قبل بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ ٹوبگے گزشتہ ہفتے جمعرات سے ہندوستان کے پانچ روزہ دورے پر تھے۔ جنوری میں وزارت عظمیٰ کا چارج سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا غیر ملکی دورہ تھا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔
