واشنگٹن، 24 اکتوبر (ہ س)۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کینیڈا کے ساتھ مزید تجارتی مذاکرات نہیں کریں گے۔ انہوں نے ٹیرف کے حوالے سے کینیڈا کے منفی ٹی وی اشتہار پر سخت اعتراض کیا ہے۔
اے بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے اپنے سوشل نیٹ ورک پر پوسٹ کیا، ٹیرف امریکہ کی قومی سلامتی اور معیشت کے لیے اہم ہیں۔ ان کے گھناؤنے رویے کی بنیاد پر، کینیڈا کے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات ختم کیے جاتے ہیں۔
اشتہاری مہم کا آغاز رواں ماہ کے اوائل میں کینیڈا کے صوبے اونٹاریو میں کیا گیا۔ اس اشتہار میں اس وقت کے صدر رونالڈ ریگن کی 1987 کی تقریر کے آڈیو اقتباسات شامل ہیں، جس میں انہوں نے جاپانی مصنوعات پر کچھ محصولات عائد کیے تھے، لیکن ساتھ ہی اعلیٰ محصولات کے طویل مدتی اقتصادی خطرات اور تجارتی جنگ کے خطرے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔
رونالڈ ریگن صدارتی فاؤنڈیشن اینڈ انسٹی ٹیوٹ نے جمعرات کی شام سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ کینیڈا کی اشتہاری مہم میں ریگن کی منتخب آڈیو اور ویڈیو کا استعمال کیا گیا اور ان کی تقاریر کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا۔
کینیڈیائی تشہیری مہم کا حوالہ دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’’انہوں نے یہ کام صرف اور صرف امریکی سپریم کورٹ اور دیگر عدالتوں کے فیصلوں میں مداخلت کے لیے کیا‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی سپریم کورٹ جلد ہی اس بات کا فیصلہ کرنے والا ہے کہ آیا ٹرمپ کی جانب سے بڑے پیمانے پر عالمی باہمی محصولات کانگریس کے ہنگامی اختیارات کا غیر قانونی استعمال تھے یا نہیں اور کیا اب تک جمع کیے گئے اربوں ڈالروں کو واپس کیا جانا چاہیے۔
اس ماہ کے شروع میں، کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران، ٹرمپ نے امریکہ-کینیڈا کے ممکنہ تجارتی معاہدے کے بارے میں امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقوں نے مذاکرات میں اہم پیش رفت کی ہے۔ جولائی میں، ٹرمپ نے کینیڈا سے درآمد کی جانے والی زیادہ تر اشیا اور خام مال پر 35 فیصد ٹیرف لگا دیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
—————
ہندوستان سماچار / عبدالواحد
