تل ابیب، 24 اکتوبر۔ اسرائیل اور حماس جنگ کے درمیان فرانس کے صدر ایمانوئل میکروں یکجہتی کے اظہار کے لیے منگل کو اسرائیل پہنچ گئے۔ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے علاوہ صدر اسحاق ہرزوگ اور اپوزیشن رہنماوں سے بھی ملاقات کریں گے جس میں وہ حماس کے یرغمالیوں کی رہائی کے متبادل طریقوں پر بات کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے صدر میکروں اسرائیل کے ایک روزہ دورے کے دوران رام اللہ میں اپنے فلسطینی ہم منصب محمود عباس سے بھی ملاقات کریں گے۔ تل ابیب پہنچنے کے فوراً بعد میکروں نے بن گوریون ہوائی اڈے پر اسرائیلی-فرانسیسی شہریوں سے ملاقات کی جنہوں نے 7 اکتوبر کو حماس کے دہشت گردانہ حملے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا تھا۔
انہوں نے حماس کے یرغمالیوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ اپنی ایکس پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ہم اسرائیل کے سوگ میں ساتھ ہیں۔واضح ہو کہ اس سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن، برطانوی وزیراعظم رشی سنک، جرمن چانسلر اولاف شولز اسرائیل کا دورہ کر چکے ہیں اور یکجہتی کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔
