راولپنڈی (پاکستان)، 27 نومبر (ہ س)۔ پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔ پاک فوج کے میڈیا ونگ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے یہ اطلاع دی۔
پاکستان کے نیوز چینل جیو نیوز نے اتوار کو آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر اس ضلع کے علاقے سررودھا میں آپریشن شروع کیا گیا۔ سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید تصادم ہوا۔ اس میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم لوگوں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ مقابلے کے مقام سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق، گزشتہ ہفتے، شمالی وزیرستان کے ضلع راجمک کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب دیسی ساختہ بم پھٹنے سے دو فوجی شہید ہوگئے تھے۔ شہید فوجیوں کی شناخت ضلع کرک کے رہائشی 33 سالہ لانس نائیک احسان بادشاہ اور ضلع کرم کے رہائشی 30 سالہ لانس نائیک ساجد حسین کے نام سے ہوئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
