اقوام متحدہ، 04 نومبر (ہ س) ۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے کہا ہے کہ غزہ میں ایمبولینس کے قافلے پر اسرائیلی سیکورٹی فورسز کا حملہ خوفزدہ کرنے والا ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو جاری کردہ ایک بیان میں کہی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گوٹیریس نے کہا کہ میں غزہ میں الشفا اسپتال کے باہر ایمبولینس کے قافلے پر مبینہ حملے سے خوفزدہ ہوں۔ اسپتال کے باہر سڑک پر بکھری لاشوں کی تصویریں خوفناک ہیں۔ جنگ رکنی چاہیے۔ انہوں نے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی اپیل کو پھر سے دہرایا ہے۔
ایک اور رپورٹ کے مطابق اس سے قبل جمعہ کو امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس سے ملاقات کی تاکہ غزہ میں شہریوں کے لیے انسانی امداد میں اضافے کی فوری ضرورت پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن بین الاقوامی انسانی قانون کا احترام کیا جانا چاہیے۔
ہندوستھان سماچار
