دوحہ ،28نومبر (ہ س )۔
غزہ میں جنگ کے درمیان جاری جنگ بندی معاہدہ میں مزید دو روز کی توسیع کر دی گئی ہے ۔اس سلسلے میں معاہدے میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے قطر کے ذمہ داروں نے یہ اعلان کیا ہے ۔ واضح رہے کہ حماس پہلے ہی معاہدے اور جنگ بندی میں توسیع کا اشارہ کیا ہے ۔
رپورٹ کے مطابق قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع ہوگئی۔ جنگ بندی کے دوران مزید قیدیوں کی رہائی کے لیے فہرست تیار کی جا رہی ہے۔ قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر کی کوشش ہے عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی میں تبدیل ہو جائے۔ اس حوالے سے حماس کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں دو روز کی توسیع پر قطر، مصر سے اتفاق کر لیا ہے۔حماس کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں دو روزہ توسیع کی شرائط پہلی والے جنگ بندی معاہدے جیسی ہی ہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاو¿س نے بھی غزہ جنگ بندی میں توسیع کی تصدیق کردی ہے۔وائٹ ہاو¿س حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل حماس جنگ بندی میں توسیع پر رضا مند ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ غزہ میں چار روزہ عارضی جنگ بندی کا آخری دن تھا، جنگ بندی میں توسیع کے لیے امریکہ، یورپی یونین، مصر، قطر کی جانب سے کوششیں کی گئیں۔
اس سے قبل مصر کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں مزید 2 روز کی توسیع کے قریب ہیں، اس دوران 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 60 فلسطینی قیدی رہا ہوں گے، چار روزہ عارضی جنگ بندی میں تین روز کے دوران حماس نے 39 اسرائیلی یرغمالیوں اور اسرائیل نے 117 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا۔
حماس نے 17 تھائی، ایک فلپائنی اور ایک اسرائیلی روسی شہری کو بھی رہا کیا، اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ بندی میں ممکنہ توسیع کا خیرمقدم کرنے کے ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ عارضی جنگ بندی ختم ہوتے ہی پوری طاقت سے غزہ پر دوبارہ حملے کریں گے۔
ہندوستھان سماچار/عطاءاللہ
