واشنگٹن، 7 جنوری (ہ س)۔ امریکہ کے ایئر سیفٹی ریگولیٹر نے ہفتے کی دیر رات الاسکا ایئر لائنز بوئنگ کے 170 سے زیادہ 737 میکس- 9 طیاروں کی پرواز پر عارضی طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ایئر سیفٹی ریگولیٹر کا یہ فیصلہ اوریگون میں پیش آئے حادثے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس حادثے میں بوئنگ طیارے کا دروازہ درمیان ہوا میں ہی ٹوٹ گیا۔ جس سے مسافروں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوگیا۔ اس کے بعد طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرانا پڑی۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بوئنگ کے 737 میکس 9 طیارے کی فوری جانچ کا حکم دیا ہے۔ یہ طیارے جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی پرواز شروع کر سکیں گے۔ ہفتے کی دیر رات جاری کردہ حکم کے بعد امریکہ میں بوئنگ 737 میکس-9 سیریز کے تقریباً 171 طیارے پرواز نہیں کر سکیں گے۔ رپورٹ کے مطابق ہفتے کی شام تقریباً 5 بجے اس طیارے کا ایمرجنسی ایگزٹ ڈور 16 ہزار فٹ کی بلندی پر اکھڑ گیا تھا۔ طیارے میں 171 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔ طیارہ پورٹ لینڈ سے کیلیفورنیا کے اونٹاریو جا رہا تھا۔ دروازہ ٹوٹنے کے بعد جہاز کے اندر دباؤ کم ہوا اور آکسیجن ماسک کھل گئے تھے۔ طیارے میں سوار تمام افراد محفوظ ہیں۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق طیارے کی مسافرہ 20 سالہ الیزابیتھ نے بتایا کہ طیارہ میں بیٹھتے وقت عام طور پر جو آواز سنائی دیتی ہے،اس سے 10 گنا زیادہ تیز آواز آرہی تھی۔ یوں لگا جیسے ہمارے کان پھٹ جائیں گے۔ جہاز کے ایک اور مسافر کیلی رنکر کے مطابق دروازے کے ساتھ والی سیٹ پر ایک بچہ بیٹھا ہوا تھا۔ اس کی شرٹ پھٹ گئی۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق پائلٹ نے دروازے الگ ہوتے ہی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔ آڈیو ریکارڈنگ میں پائلٹ کو ایئر ٹریفک کنٹرول سے لینڈنگ کے بارے میں پوچھتے ہوئے سنا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سیریز کے طیارے دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہوتے ہیں۔ 2018 میں یہ طیارہ پہلی بار انڈونیشین ایئر لائن کے تحت پرواز کرتے ہوئے گر کر تباہ ہوا تھا۔ اس وقت تقریباً 189 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے بعد مارچ 2019 میں ایک اور بوئنگ 737 میکس طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس میں 157 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ تین دن بعد امریکہ نے ان کی پروازوں پر پابندی لگا دی تھی۔ 2021 میں بوئنگ نے امریکی محکمہ انصاف کو 2.5 بلین ڈالر کا جرمانہ ادا کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار//سلام
