بالی ووڈ اداکارہ اور ماڈل پونم پانڈے کی سروائیکل کینسر کی وجہ سے موت کا اعلان ان کی ٹیم نے 2 فروری کو کیا تھا۔ ان کے منیجر نے اس حوالے سے ایک تفصیلی انسٹاگرام پوسٹ شیئر کی۔ ان کے گھر والوں کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔ اس لیے مجموعی طور پر پونم کی موت کا معمہ بڑھتا ہی جا رہا تھا۔ 24 گھنٹے کی ڈرامائی صورتحال میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پونم پانڈے زندہ ہیں۔پونم پانڈے نے خود ایک انسٹاگرام پوسٹ شیئر کرکے یہ جانکاری دی ہے۔ انہوں نے ویڈیو کے ذریعے بتایا ،’ میں زندہ ہوں ، میں کینسر سے نہیں مری۔ انہوں نے سب سے معافی بھی مانگی۔
‘ میں زندہ ہوں… خوش قسمتی سے میری موت سروائیکل کینسر سے نہیں ہوئی۔ لیکن ، آج ملک میں ہزاروں خواتین اس مسئلے سے نبرد آزما ہیں۔ اس بیماری کی وجہ سے کئی خواتین جان کی بازی ہار چکی ہیں۔ خواتین میں اس سنگین بیماری سے نمٹنے کے بارے میں کافی آگاہی نہیں ہے۔ لیکن آپ جانتے ہیں ؟ سروائیکل کینسر مکمل طور پر قابل علاج ہے۔ اس کے لیے آپ کو وقت پر ہیلتھ چیک اپ اور ایچ پی وی ویکسینیشن مکمل کرنا ہوگی۔ آئیے ہم سب مل کر اس بیماری کے بارے میں آگاہی پیدا کریں۔ آپ کو میری ویب سائٹ پر ضرور جانا چاہیے۔ پونم پانڈے نے اپنی ویڈیو میں کہا ہے کہ یہ خبر پیسوں کے لیے نہیں بلکہ عوامی آگاہی کے لیے پھیلائی گئی ہے۔
اس دوران سوشل میڈیا پر پونم پانڈے کے خلاف ان کی موت کے بارے میں غلط معلومات شیئر کرنے پر کافی غصہ ہے۔ ان کی پوسٹ پر کمنٹس کر کے نیٹیزنز انہیں ٹرول کر رہے ہیں۔ تفریحی دنیا کے کئی فنکاروں نے بھی پونم کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اس واقعے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
