بالی ووڈ اداکار سلمان خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ٹائیگر 3‘ کو لے کر سرخیوں میں ہیں۔ اس فلم کا ٹریلر چند روز قبل ریلیز ہوا تھا۔ اس ٹریلر کے بعد شائقین کو فلم کا بے صبری سے انتظار ہے۔ ادھر ’ٹائیگر 3‘ کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔
بھارت میں ٹائیگر 3 کی ایڈوانس بکنگ 5 نومبر 2023 سے شروع ہوئی۔ ایڈوانس بکنگ شروع ہونے کے 24 گھنٹوں کے اندر ’ٹائیگر 3‘ کے تقریباً 1 لاکھ 40 ہزار ٹکٹس فروخت ہو گئے۔ اس فلم کے اب تک 2 لاکھ 66 ہزار 995 ٹکٹس فروخت ہو چکے ہیں۔ فلم نے ایڈوانس بکنگ کے ذریعے 7.46 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔
نئی دہلی کے رنگ روڈ پر واقع سینما گھروں نے اعلان کیا ہے کہ وہ ٹائیگر 3 کے شوز 24 گھنٹے چلائیں گے۔ اس فلم کا شو دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔ ملک کے کئی حصوں سے شائقین نے ’ٹائیگر 3‘ کے 24 گھنٹے شو کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ دبئی کے ووکس سینما میں 12.05 بجے سے ٹائیگر 3 کے شو کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس فلم کا شو سعودی عرب میں دوپہر 2 بجے دکھایا جائے گا۔
‘ٹائیگر 3’ 12 نومبر کو ریلیز ہونے والی ہے۔ ’ٹائیگر‘ اور ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی طرح اس فلم میں بھی ناظرین کو سلمان اور کترینہ کا ایکشن اوتار دیکھنے کو ملے گا۔ اس فلم میں سلمان اور کترینہ کے ساتھ عمران ہاشمی بھی اہم کردار میں ہیں۔ اس فلم میں عمران نے منفی کردار ادا کیا ہے۔ عمران ‘ٹائیگر 3’ میں سلمان اور کترینہ کے ساتھ ایکشن سین کرتے بھی نظر آئیں گے۔ منیش شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی ’ٹائیگر 3‘ ہندی کے ساتھ ساتھ تامل اور تیلگو میں بھی ریلیز ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
