غازی آباد، کرائم برانچ پولیس نے جمعرات کو ایک بین ریاستی اسمگلر کو گرفتار کیا وہ گانجے کی اسمگلنگ کر رہا تھا۔ اس کے قبضے سے 10 کلو 200 گرام گانجہ برآمد ہوا ہے جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 5 لاکھ روپے ہے۔
اے ڈی سی پی سچیدانند نے بتایا کہ کرائم برانچ پولیس نے 01 بین ریاستی اسمگلر شیوم مشرا کو گرفتار کیا ہے وہ غازی آباد اور دہلی این سی آر کے علاقے میں گانجے کی اسمگلنگ اور فروخت کر رہا تھا ۔
پوچھ گچھ پر ملزم نے بتایا کہ اس نے بی بی اے کیا ہے۔ پہلے وہ میک مائی ٹرپ کمپنی میں کام کرتا تھا لیکن کورونا کے دور میں اس کی نوکری ختم ہوگئی۔ گھر کا خرچ چلانا مشکل ہو گیا تھا۔ اس کے بعد وہ دہلی کے گانجا اسمگلر باسکو کے رابطے میں آیا۔ باسکو نے اسے بتایا کہ گانجے کی اسمگلنگ اور فروخت میں کئی گنا منافع ہوتا ہے۔ شیوم مشرا نے ابتدا میں باسکو سے گانجا لے کر دہلی بارڈر اور غازی آباد میں چھوٹے پیکٹوں میں بیچنا شروع کیا، پھر وہ دہلی کے 3-2 دیگر گانجا اسمگلروں کے رابطے میں آیا اور ان سے بھی سامان لینا شروع کر دیا۔ وہ گانجے کے چھوٹے پیکٹ بناتا تھا، انہیں ایمیزون پیکیجنگ میں پیک کرتا تھا اور انہیں موٹر سائیکل پر غازی آباد اور دہلی این سی آر کے علاقے میں کارپوریٹ دفاتر، کالجوں اور فیکٹریوں کے قریب خوردہ فروخت کرتا تھا۔ وہ تقریباً 10 گرام کے گانجے کا بنڈل 800 سے 1000 روپے میں فروخت کرتا ہے۔ وہ ایمیزون کی پیکنگ اس لیے کرتا ہے تاکہ اسے ڈیلیوری بوائے سمجھا جائے اور عوام کی نظروں میں نہ آئے۔ملزم سے ملنے والی معلومات کی بنیاد پر ٹیمیں تشکیل دے کر ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری اور بازیابی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
