نئی دہلی ۔ آئی جی آئی ایئرپورٹ پولیس نے ہندی فلم ڈنکی کی طرز پر مختلف راستوں سے کسی کو بیرون ملک بھیجنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کی شناخت سلطان سنگھ کے نام سے ہوئی ہے۔ اس نے ایک شخص کو ڈنکی کے انداز میں امریکہ پہنچانے کی لگاتار پانچ کوششیں کیں۔ لیکن وہ پانچوں بار کامیاب نہ ہو سکا اور چھٹی بار گرفتار کر لیا گیا۔ پھر اس کی اطلاع پر پولیس نے کئی مقامات پر چھاپے مارے اور ملزم ایجنٹ سلطان سنگھ کو پنجاب سے گرفتار بھی کرلیا۔
ڈی سی پی ایئرپورٹ اوشا رنگانی نے بتایا کہ رواں ماہ 8 مارچ کو پنجاب کے رہنے والے گرپریت سنگھ نامی شخص کو قازقستان سے واپس آئی جی آئی ایئرپورٹ بھیجا گیا تھا۔ جب یہاں چھان بین کی گئی تو پتہ چلا کہ اس کی دستاویز جعلی تھی۔ جب اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے ایک بار پھر سارے معاملے کا انکشاف کیا۔ بتایا کہ اسے امریکہ میں سیٹل ہونا تھا، اس کے لیے اس کی ملاقات اپنے گاؤں کے سلطان سنگھ نامی شخص سے ہوئی۔ اس سے 50 لاکھ روپے کے لیے بات چیت ہوئی۔ گرپریت نے سلطان سنگھ کو 10 لاکھ روپے ایڈوانس دیے۔
ملزم ایجنٹ سلطان سنگھ نے اسے ڈنکی کے ذریعے مختلف ممالک سے امریکہ بھجوانے کی کوشش کی لیکن وہ ہر بار ناکام رہا۔ پولیس کے مطابق گرپریت سنگھ کو 2023 میں چار بار اور 2024 میں ایک بار امریکہ بھیجنے کی کوشش کی گئی۔ اس کے بعد اے سی پی وی کے پی ایس یادو کی نگرانی میں ایس ایچ او وجیندر رانا، سب انسپکٹر راکیش اور اے ایس آئی سبھاش کی ٹیم نے تکنیکی نگرانی کی مدد سے سلطان سنگھ کا پتہ لگانا شروع کیا۔ پنجاب میں کئی مقامات پر چھاپے مارے گئے اور آخر کار اسے گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
