دربھنگہ، 4 جنوری(ہ س)۔
بہار کے دربھنگہ میں بے خوف بدمعاشوں کا قہر جاری ہے ۔ اس سلسلے میں بدمعاشوں نے پولیس کو بے وقوف بنا کر جوئیلر س دکان میں چوری کی واردات کو انجام دیا۔ گذشتہ شب چوروں نے ضلع کے روپ نگر میں واقع سونے کی دکان کی دیوار کاٹ کر لاکھوں روپے کے زیورات چوری کر لئے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق بیرول تھانہ علاقہ کے شیو نگر گھاٹ روپ نگر میں واقع راہل جوئیلرس سے چوروں نے دکان کی دیوار کاٹ کر تقریباً 15 لاکھ روپے چوری کرلئے۔ دکان مالک کو اس بات کا علم اس وقت ہوا جب وہ دکان کھولنے آیا۔ جس کے بعد اس نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ ادھر پولیس نے اطلاع ملنے کے بعد تفتیش شروع کر دی ہے ۔
اسی دوران دکان مالک راہل نے بتایا کہ گذشتہ رات شرپسند دیوار کاٹ کر ہماری دکان کے اندر داخل ہوئے تھے۔ چاروں گیٹوں کے تالے اور الماری کے تالے کاٹ کر چوروں نے 15 لاکھ روپے مالیت کے سونے اور چاندی کے زیورات اورگلے میں رکھی کچھ نقدی چوری کر لی ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کل 6 بجے کے قریب دکان بند کرکے چلے گئے تھے۔ آج جب ہم دکان کھولنے آئے تو دیکھا کہ سارا سامان بکھرا پڑا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال قبل بھی چور وینٹی لیٹر توڑ کر اندر داخل ہوئے تھے۔
ادھر واقعہ کے بعد مالک نے پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے پہنچ کر تفتیش شروع کردی۔ دربھنگہ پولیس کے سوشل میڈیا پیج پر بیان جاری کرتے ہوئے بیرول تھانے کی ایڈیشنل ایس ایچ او آرتی کماری نے کہا کہ 3 جنوری کی رات تقریباً 3-4 بجے راہل جوئیلرس میں چوری کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر تحقیقات کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخواست موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار/ افضل
/عطاءاللہ
