کانپور دیہات : ٹیچر کو کمرے میں بند کر کے زندہ جلا دیا
کانپور، 28 جنوری (ہ س)۔ کانپور ضلع کے پنکی تھانہ علاقے کے پتسرسا میں کانپور دیہات میں تعینات ایک ٹیچر کو کمرے میں بند کر کے زندہ جلا دیا گیا۔ استاد نے اپنے بھائی کو واقعے کی اطلاع دی اور اس نے پولیس کو اطلاع دی تاہم جب تک پولیس پہنچی استاد کی موت ہوچکی تھی۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس ویسٹ وجے دھول نے اتوار کے روز بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ پتراسا میں سنجیو کمار نے فتح پور کے رہنے والے دیارام (48) اور کانپور دیہات میں تعینات استاد کو ایک کمرے میں بند کر کے آگ لگا دی ہے۔ پولیس فوری طور پر مذکورہ جگہ پر پہنچ گئی لیکن تب تک ٹیچر کی موت ہوچکی تھی۔
پولیس نے فارنسک ٹیم کے ہمراہ شواہد اکٹھے کر کے مزید کارروائی کرتے ہوئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا۔ فی الحال مقتول کے بھائی کے زبانی الزام کے مطابق ملزم سنجیو کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ وہ بار بار اپنا بیان بدل رہا ہے۔ مقتول کے بھائی نے سنجیو کمار، پون، مہیش اور سنگیتا پر الزام لگایا ہے۔
