کانپور، 12 فروری ۔
اتر پردیش کے کانپور ضلع میں پیر کو ایک نوجوان نے اپنی بیوی اور بیٹی کو قتل کرنے کے بعد خود کو زخمی کر لیا۔ پولیس نے نوجوان کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروایا اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایسٹ زون شرون کمار سنگھ نے بتایا کہ چکیری تھانہ علاقہ کے سنیگواں کے رہنے والے ارجن جیسوال نے اپنی بیوی نشا (36) اور چار سالہ بیٹی اشوی کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ اس کے بعد اس نے خود کو چاقو سے زخمی کر لیا۔
مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس پہنچی اور پہلے ارجن کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروایا۔ انہوں نے نشا اور اس کی بیٹی کی لاشیں قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ فیلڈ یونٹ نے جائے وقوعہ کے تمام پہلوؤں کی چھان بین کی، شواہد اکٹھے کیے اور اسے پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
شرون کمار سنگھ نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معاملہ گھریلو تنازعہ سے متعلق معلوم ہوتا ہے۔ لیکن جب تک اس حوالے سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوتی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ پولیس معاملے کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے۔
