کشتواڑ پولیس نے دس برسوں سے مفرور ملزم کو گرفتار کیا
جموں، 3 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں گزشتہ برس برسوں سے مفرور ایک ملزم کو کشتواڑپولیس نے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت شبیر احمد ملک ساکنا بن آستان ضلع کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ سال 2013 میں رنبیر پینل کوڈ کی دفعہ 436 کے تحت درج ایک کیس کے سلسلے میں مطلوب تھا۔ ملک پر حملہ کرنے اور زخمی کرنے کے علاوہ ایک مکان کو تباہ کرنے کے لیے دھماکہ خیز مواد کے استعمال میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کا الزام تھا۔
کشتواڑ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس خلیل پوسوال نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم نے مفرور کے ٹھکانے سے متعلق معلومات کی بنیاد پر چھاپے مارے اور آخر کار اسے پکڑ لیا۔ پوسوال نے کہا کہ ملک کو گرفتاری کے بعد کشتواڑ میں عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایس ایس پی نے دیگر تمام فراریوں کو بھی خبردار کیا کہ وہ پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل پولیس نے دہائیوں سے درجن سے زائد مفرور ملزمان کو اشتہاری مجرم قرار دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
