راج گڑھ، 29 نومبر (ہ س)۔ پچور تھانہ پولیس ٹیم نے دو دن قبل ادن کھیڑی ٹول پلازہ کے قریب ویگنار کار کی ڈگی سے ملی لاش کے معاملے میں دو بھائیوں کو گرفتار کیا ہے، جنہوں نے صرف 300 روپے کے لین دین کے تنازعہ کو لیکر کار ڈرائیور کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا تھا۔ نوجوان کی لاش کار کی ڈگی میں چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ دھرم راج مینا نے بدھ کو پولیس کنٹرول روم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اندھے قتل کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ 26 نومبر کو ادن کھیڑی ٹول پلازہ کے قریب ایک ویگنار کار کی ڈگی سے ایک نوجوان کی لاش ملی تھی۔ جس کی شناخت انکت (30) ولد کامتا پرساد شرما ساکن اندور کے طور پر ہوئی تھی۔
پولیس نے پہلی نظر میں واردات کو قتل مانتے ہوئے نامعلوم شخص کے خلاف دفعہ 302، 201 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی۔ تفتیش کے دوران، موبائل نمبر کی بنیاد پر، پولیس ٹیم نے ملزم روی گوسوامی (25 سال) اور اس کے بھائی دیپک گوسوامی (28 سال) ساکن چکلیا تھانہ ملاور کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 25 نومبر کو وہ بس کے ذریعے اندور گئے تھے، جہاں سے انہوں نے اجین جانے کے لیے انکت شرما کی ویگنار کار 2200 روپے میں بک کی تھی۔ راستے میں شراب پی کر مہاکال مندر کی پارکنگ میں کار ڈرائیور انکت شرما نے 2500 روپے کا مطالبہ کرنے لگا، جس کی وجہ سے جھگڑا شروع ہو گیا، جس پر انکت کو دونوں ہاتھوں سے پکڑ کر گلا دبا کر قتل کر دیا۔ نوجوان کی لاش کو کار کی ڈگی میں ڈال کر وہ راج گڑھ کی طرف روانہ ہوگئے جہاں ادن کھیڑی ٹول پلازہ کے قریب پولیس کو دیکھ کر وہ کار چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے۔
ہندوستھان سماچار//سلام
