غیر قانونی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکہ، 3 افراد ہلاک، 10 زخمی
دموہ، 31 اکتوبر (ہ س)۔ شہر کے بڑا پل علاقے میں منگل کی دوپہر غیر قانونی طور پر چلنے والی پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے سے فیکٹری مالک سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔ جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے میں 10 مزدور بری طرح جھلس گئے۔ بارود کی زد میں آنے فیکٹری مالک کا آدھا جسم چیتھڑوں میں تبدیل ہو گیا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور راحت اور بچاؤ کام جاری ہے۔ زخمیوں کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ جائے حادثہ پر افراتفری کا ماحول ہے۔
معلومات کے مطابق، شہر کے بڑا پل علاقے میں منگل کو دوپہر ایک بجے کے قریب پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں زوردار دھماکہ ہوا۔ جس کی وجہ سے تین افراد ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ 10 افراد شدید زخمی ہیں۔ ملبے میں دبے لوگوں کو نکال کر ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی دموہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سنیل کمار تیواری اور کلکٹر مینک اگروال بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس فورس، انتظامیہ اور میونسپلٹی کا عملہ موقع پر موجود ہے۔
کلکٹر مینک اگروال کے مطابق ملبے سے تقریباً 13 لوگوں کو نکالا گیا ہے جن میں سے تین کی موقع پر ہی موت ہو گئی ہے۔ فیکٹری غیر قانونی طور پر چل رہی تھی۔ تفتیش کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی اس معاملے کی مجسٹریٹ انکوائری کا حکم دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انتظامی قوانین کے مطابق زخمیوں کو معاوضے کی رقم بھی فراہم کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
