نئی دہلی، 17 اکتوبر (ہ س)۔ گلوبل مارکیٹ سے آج مثبت رجحانات موصول ہو رہے ہیں۔ امریکی کمپنیوں کے اچھے نتائج کی وجہ سے گزشتہ سیشن کے دوران وال اسٹریٹ انڈیکس میں زبردست اضافہ درج کیا گیا۔ تاہم، ڈاو جونز فیوچرز آج کمی کے ساتھ سرخ رنگ میں کاروبار کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ یورپی مارکیٹ انڈیکس بھی گزشتہ سیشن کے دوران مضبوطیکے ساتھ بند ہونے میں کامیاب رہے۔ ایشیائی بازاروں میں آج مسلسل مضبوطی کا رجحان ہے۔
امریکہ میں آمدنی کا سیزن شروع ہونے کی وجہ سے وال اسٹریٹ انڈیکس کو سپورٹ حاصل ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنیوں کے اچھے نتائج کی وجہ سے بھی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان قائم ہے۔ مارکیٹ میں تیزی کے باعث ڈاو جونز گزشتہسیشن کے دوران 300 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح، ایس اینڈ پی 500 انڈیکس نے 1.06 فیصد اضافے کے ساتھ 4,373.63 پوائنٹس کی سطح پر گزشتہ سیشن کا کاروبار ختم کیا۔ اس کے علاوہ نیس ڈیک 160.75 پوائنٹس یعنی 1.20 فیصد اضافے کے ساتھ 13,567.98 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ تاہم ڈاو¿ جونز فیوچرز آج 0.12 فیصد کی کمزوری کے ساتھ 33,943.56 پوائنٹس کی سطح پرکاروبار کرتا ہوا نظر آرہا ہے۔
گزشتہ سیشن کے دوران یورپی بازاروں کے انڈیکس میں بھی تیزی رہی۔ ایف ٹی ایس ای انڈیکس 0.41 فیصد اضافے کے ساتھ 7,630.63 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح، سی اے سی انڈیکس نے گزشتہ سیشن کی تجارت 0.27 فیصد اضافے کے ساتھ 7,022.19 پوائنٹس کی سطح پر ختم کی۔ اس کے علاوہ ڈی اے ایکس انڈیکس 0.34 فیصد مضبوط ہوا اور 15,237.99 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ایشیائی بازاروں میں آج ہمہ گیر مضبوطی کا ماحول ہے۔ ایشیا کی تمام 9 مارکیٹوں کے انڈیکس آج اضافے کے ساتھ سبز رنگ میں کاروبار کر رہے ہیں۔ گفٹ نفٹی 0.15 فیصد کے اضافے کے ساتھ 19,840 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا ہے۔ اسی طرح اسٹریٹس ٹائمز انڈیکس 0.31 فیصد مضبوط ہوکر 3,173.61 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ تائیوان ویٹڈ انڈیکس بھی اب تک ٹریڈنگ میں 0.16 فیصد چڑھ کر 16,679.59 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح ہینگ سینگ انڈیکس 123.05 پوائنٹس یعنی 0.70 فیصد اضافے کے ساتھ 17,763.41 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔
نکئی انڈیکس 368.16 پوائنٹس یعنی 1.16 فیصد مضبوط ہو کر 32,027.19 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا ہے۔ اسی طرح کوسپی انڈیکس 1.15 فیصد مضبوط ہو کر 2,464.24 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ اس کے علاوہ سیٹ کمپوزٹ انڈیکس 0.54 فیصد اضافے کے ساتھ 1,434.75 پوائنٹس کی سطح پر، جکارتہ کمپوزٹ انڈیکس 0.34 فیصد اضافے کے ساتھ 6,919.44 پوائنٹس کی سطح پر اور شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس 0.26 فیصد کے اضافے کے ساتھ 3,081.75 پوائنٹس کی سطح پر کاروبارکر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
