نئی دہلی، 21 نومبر (ہ س)۔ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاو کا سلسلہ جاری ہے۔ برینٹ کروڈ کی قیمت 83 ڈالر فی بیرل اور ڈبلیو ٹی آئی کروڈ کی قیمت 78 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے۔ تاہم پبلک سیکٹر آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔
انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق منگل کو دارالحکومت دہلی میں پٹرول کی قیمت 96.72 روپے اور ڈیزل کی قیمت 89.62 روپے فی لیٹرپر مستحکم ہے ۔ وہیں ممبئی میں پٹرول 106.31 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 94.27 روپے فی لیٹر ہے۔ اسی طرح کولکاتا میں پٹرول 106.03 روپے اور ڈیزل 92.76 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے، جب کہ چنئی میں پٹرول کی قیمت 102.63 روپے اور ڈیزل کی قیمت 94.24 روپے فی لیٹر ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں ہفتے کے دوسرے روز ابتدائی تجارت میں برینٹ کروڈ 0.17 ڈالر یعنی 0.21 فیصد کی کمی کے ساتھ 82.15 ڈالر فی بیرل پر کاروبار کر ر ہا ہے۔ وہیں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی ) کروڈ 1.71 ڈالر یعنی 2.25 فیصد اضافے کے ساتھ 77.60 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
