۔ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 2.76 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 623.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئے
ممبئی/نئی دہلی، 06 جنوری (ہ س)۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل ساتویں ہفتے اضافہ ہوا ہے۔ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 29 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں 2.760 ارب ڈالر بڑھ کر 623.20 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ گزشتہ ہفتے ملک کے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 4.471ارب ڈالر بڑھ کر 620.441 ارب ڈالر ہو گئے تھے۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 29 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 2.760 ارب ڈالر بڑھ کر 623.20 ارب ڈالر ہو گئے۔ زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل ساتویں ہفتے 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے کے دوران غیر ملکی کرنسی کے اثاثے جو کہ زرمبادلہ کے ذخائر کا اہم جزو ہیں، 1.87 ارب ڈالر کے اضافے کے ساتھ 551.61 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ اسی طرح سونے کے ذخائر کی مالیت 85.3 کروڑ ڈالر اچھل کر 48.33 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ وہیں اسپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر ) میں بھی 3.8 کروڑ ڈالر بڑھ کر 18.36 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ تاہم، اس عرصے کے دوران بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس رکھے گئے ملکی کرنسی کے ذخائر 20لاکھ ڈالر کم ہو کر 4.89 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اکتوبر 2021 میں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 645 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے۔
ہندوستھان سماچار
