نئی دہلی، یکم جنوری (ہ س)۔ ملک کی سب سے بڑی آٹوموبائل مینوفیکچرر ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ (ایم ایس آئی ایل) کی فروخت میں گزشتہ ماہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دسمبر 2023 میں کمپنی کی کل فروخت 1.28 فیصد کم ہو کر 1,37,551 یونٹس رہ گئی۔ پچھلے سال دسمبر 2022 میں کمپنی نے 1,39,347 یونٹس فروخت کیے تھے۔
ماروتی سوزوکی انڈیا نے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ دسمبر 2023 میں کل فروخت 1.28 فیصد کم ہو کر 1,37,551 یونٹ رہ گئی۔ کمپنی کے مطابق دسمبر 2023 میں اس کی برآمدات بڑھ کر 26,884 یونٹس ہوگئیں جو دسمبر 2022 میں 21,796 یونٹس تھیں۔ کمپنی نے کہا کہ کل گھریلو فروخت بشمول مسافر گاڑیاں، کمرشل گاڑیاں اور تھرڈ پارٹی سپلائیز دسمبر میں 5.86 فیصد کم ہو کر 1,10,667 یونٹس رہ گئیں، جو دسمبر 2022 میں 1,17,551 یونٹس تھیں۔
ایم ایس آئی ایل کے مطابق، پہلی بار کمپنی نے کیلنڈر سال 2023 میں 20 لاکھ یونٹس کی سالانہ فروخت کے نشان کو عبور کیا۔ اس میں اب تک کی سب سے زیادہ برآمدات (کیلنڈر سال میں) 2,69,046 یونٹس شامل ہیں۔ کمپنی نے کہا کہ کل گھریلو مسافر گاڑیوں (پی وی) کی فروخت دسمبر 2023 میں 6.46 فیصد کم ہوکر 1,04,778 یونٹس ہوگئی جو دسمبر 2022 میں 1,12,010 یونٹس تھی۔
کمپنی نے کہا کہ آلٹو اور ایس پریسو سمیت کم قیمت کاروں کی فروخت دسمبر 2023 میں گھٹ کر 2,557 یونٹس رہ گئی جو دسمبر 2022 کے مہینے میں 9,765 یونٹس تھی۔ اسی طرح، ٹور ایس،بالینو، کلیریو، ڈیزائر، آئیجنس، سوفٹ، اور ویگن آر کی فروخت دسمبر، 2023 میں گھٹ کر 45,741 یونٹس رہ گئی ہے جو دسمبر 2022 میں 57,502 یونٹس تھی۔ اس کے علاوہ کمپنی کے دیگر ماڈلز کی فروخت میں بھی کمی آئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
