شیئر بازار میں تیزی کا رجحان، شروعاتی کاروبار میں سینسیکس اور نفٹی میں اضافہ
نئی دہلی، 26 دسمبر (ہ س)۔ گھریلو شیئر بازار میں آج شروعاتی کاروبار کے دوران مضبوطی کا رجحان بنا ہوا نظر آرہا ہے۔ آج کے کاروبار کی ملی جلی شروعات ہوئی تھی۔ سینسیکس نے معمولی کمزوری کے ساتھ کاروبار کی شروعات کی تھی، جبکہ نفٹی نے معمولی فائدہ کے ساتھ آغاز کیا۔ کاروبار کے پہلے آدھے گھنٹے کے دوران بازار دباو کا شکار رہا لیکن صبح 10 بجے سے کچھ دیر پہلے دونوں انڈیکس نے خریداری کی حمایت سے رفتار پکڑ لی۔ کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد سینسیکس 0.19 فیصد اور نفٹی 0.33 فیصد کے اضافے کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
کاروبار کے پہلے ایک گھنٹے کے بعد حصص بازار کے بڑے شیئروں میں ہیرو موٹو کارپ، اڈانی انٹرپرائزز، این ٹی پی سی، کول انڈیا اور ڈیویز لیبارٹریز کے شیئرس 3.06 فیصد سے لیکر 1.79 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف انفوسس، ماروتی سوزوکی، وپرو، ایچ سی ایل ٹیکنالوجی اور آئی سی آئی سی آئی بینک کے شیئروں میں 1.31 فیصد سے لیکر 0.26 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبار کرتے نظر آرہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں شیئر بازار میں 2,071 شیئروں میں ایکٹو ٹریڈنگ ہورہی تھی۔ ان میں سے 1,411 شیئرس منافع کما کر سبز نشان میں جبکہ 660 شیئرس خسارے کے بعد سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس میں شامل 30 شیئرس میں سے 22 شیئرس خرید کی حمایت کے ساتھ سبز نشان میں بنے ہوئے تھے۔ دوسری جانب فروخت کے دباو کے باعث 8 حصص سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔ جبکہ نفٹی میں شامل حصص میں سے 42 حصص سبز نشان میں اور 8 حصص سرخ نشان میں تجارت کرتے نظر آرہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 9.18 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 71,097.78 پوائنٹس کی سطح پر کھلا۔ ابتدائی تجارت میں فروخت کے دباو کے باعث یہ انڈیکس گر 71,012.08 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا لیکن صبح 10 بجے سے تھوڑی دیر پہلے خریداری شروع ہونے کی وجہ سے انڈیکس نے رفتار پکڑی اور کچھ ہی دیر میں سبز نشان میں پہنچ گیا۔ بازار میں مسلسل خرید و فروخت کے درمیان کاروبار کے پہلے گھنٹے کے بعد صبح 10:15 بجے سینسیکس 138.25 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 71,245.21 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
سینسیکس کے برعکس این ایس ای کے نفٹی نے آج 15.80 پوائنٹس کی مضبوطی کے ساتھ 21,365.20 پوائنٹس کی سطح پر تجارت شروع کی۔ ابتدائی کاروبار میں فروخت کے دباو کی وجہ سے یہ انڈیکس کچھ ہی دیر میں سرخ نشان میں گرکر 21,329.45 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ لیکن اس کے بعد خریداری کی حمایت کی وجہ سے انڈیکس نے دوبارہ سبز رنگ میں تجارت شروع کر دی۔ بازار میں لگاتار خرید و فروخت کے درمیان پہلے ایک گھنٹے کی تجارت کے بعد صبح 10:15 بجے نفٹی 70.05 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 21,419.45 پوائنٹس کی سطح پر کاروبار کر رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
/شہزاد
