نئی دہلی، 18 اگست (ہ س)۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن بدھ کو اشیاءاور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) میں مجوزہ اصلاحات کے سلسلے میں ریاستوں کے وزرا کے گروپ کی میٹنگ سے خطاب کریں گی۔ ان اصلاحات کے تحت جی ایس ٹی شرحوں میں کٹوتی ہو گی اور عام استعمال کی اشیاءکی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
سرکاری ذرائع نے پیر کو بتایا کہ مرکزی حکومت امریکی محصولات کا جواب دینے کے لیے جی ایس ٹی میں بڑی تبدیلی لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اسے ’جی ایس ٹی 2.0 یا نیکسٹ جین جی ایس ٹی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی صدارت میں بدھ 20 اگست کو ریاستی وزراءکے ایک گروپ کی ایک اہم میٹنگ ہوگی۔ نئی دہلی میں 20-21 اگست کو ہونے والی ریاستی وزارتی کمیٹی کی دو روزہ میٹنگ میں اس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ اس میٹنگ میں جامع جی ایس ٹی اصلاحات کے لئے دلائل پیش کریں گی، جس سے جی ایس ٹی ٹیکس کی شرحوں میں تخفیف ہو گی اور عام استعمال کی اشیاءکی قیمتوں میں کمی واقع ہوگی۔ میٹنگ میں ان تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جو حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ اعلان کردہ ”نیکسٹ جنریشن جی ایس ٹی ریفارمز“ کا حصہ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 2017 میں ملک میں گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) نظام کے نفاذ کے بعد سے یہ سب سے اہم تبدیلی ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد
