– مالی سال 2023-24 کی تیسری سہ ماہی کے منافع میں 4 فیصد کا اضافہ
نئی دہلی، 23 جنوری (ہ س)۔ نجی شعبے کے ایکسس بینک نے رواں مالی سال 2023-24 کی تیسری سہ ماہی کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اکتوبر-دسمبر سہ ماہی میں بینک کا منافع چار فیصد بڑھ کر 6071 کروڑ روپے ہو گیا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں بینک نے 5853 کروڑ روپے کا منافع کمایا تھا۔
ایکسس بینک نے منگل کو شیئر بازار کو دی گئی معلومات میںبتایا کہ مالی سال 2023-24 کی تیسری سہ ماہی میں اس کا منافع 4 فیصد بڑھ کر 6071 کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ اس مدت کے دوران، اس کی کل آمدنی بڑھ کر 33516 کروڑ روپے ہوگئی، جو پچھلے مالی سال کی اسی مدت میں 26,798 کروڑ روپے تھی۔ وہیں بینک کی سود کی آمدنی اچھل کر 27961 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 22,226 کروڑ روپے تھی۔
بینک کے مطابق 31 دسمبر 2023 کو ختم ہونے والی تیسری سہ ماہی میں مجموعی نان پرفارمنگ اثاثہ جات (این پی اے ) کا تناسب بہتر ہو کر 1.58 فیصد ہو گیا۔ گزشتہ مالی سال 2022-23 کی اسی مدت میں یہ 2.38 فیصد تھی۔ اسی طرح، بینک کا خالص این پی اے دسمبر 2022 کے آخر میں 0.47 فیصد کے مقابلے میں کم ہو کر 0.36 فیصد رہ گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
