شکاگو، 16 اکتوبر – مغربی وسطی امریکہ کے تجارتی اور ثقافتی دارالحکومت شکاگو میں ایک فلسطینی نژاد امریکی چھ سالہ بچے کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ وہ اپنی ماں حنان شاہین (32) کے ساتھ رہتا تھا۔ حملہ آور نے اس کی والدہ کو بھی زخمی کر دیا۔ اس کی فوری وجہ ’اسرائیل حماس جنگ سے پیدا ہونے والے ہیٹ کرائم‘ بتائی جا رہی ہے۔ یہ اطلاع میڈیا رپورٹس میں دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مشتبہ قاتل شکاگو کے الینوائے کا رہائشی ہے۔ اسے متاثرہ کے گھر کے قریب سے گرفتار کر لیاگیا ہے۔ ول کاونٹی شیرف کے دفتر نے کہا کہ حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا یہ واقعہ نفرت انگیز جرم سے متعلق ہے۔ اس کے علاوہ اس بات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ آیا ملزم نے ماں- بیٹے پر حملہ اس لیے کیا کہ وہ مسلمان ہیں ۔
شیرف آفس کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ماں اور بیٹا اتوار کو اپنے گھر میں زخمی پائے گئے۔ پولیس دونوں کو اسپتال لے گئی۔ اسپتال میں بچے کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ بچے کے جسم پر چاقو سے 26 وار کیے گئے تھے۔ خاتون کے جسم پر ایک درجن سے زائد گہرے زخم پائے گئے۔ اس پر بھی چاقو سے حملہ کیا گیا۔ ملزم نے ہیٹ کرائم کے سبب حملہ کرنے کی بات کہی ہے۔
