واشنگٹن،یکم جولائی(ہ س)۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ جو وائٹ ہاوس کو اپنے ذوق کے مطابق از سرِ نو تشکیل دے رہے ہیں، سرکاری استقبالیہ کی میزبانی کے لیے ایک بڑا بال روم (تقریب گاہ) تعمیر کریں گے جو ایک صدی سے زائد عرصے میں امریکی ایگزیکٹو مینشن کا ایک سب سے بڑے منصوبہ ہے۔وائٹ ہاوس کی پریس سکریٹری کیرولین لیویٹ نے جمعرات کو ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ صدر ٹرمپ ازخود اور غیر متعینہ عطیہ دہندگان 200 ملین ڈالر کے اس منصوبے کا بل پیش کریں گے۔ترجمان نے کہا کہ 150 سالوں سے صدور، انتظامیہ اور وائٹ ہاوس کا عملہ وہائٹ ہاوس کے احاطے میں ایک بڑی تقریب گاہ کے خواہشمند ہیں۔اناسی سالہ صدر اور سابق رئیل سٹیٹ ڈویلپر نے وائٹ ہاوس پر اپنا ایک یادگار نقش چھوڑنے کی تازہ ترین کوشش کے بارے میں صحافیوں کو بتایا، کبھی کوئی ایسا صدر نہیں رہا جو بال رومز میں اچھا ہو۔اصل عمارت کے کردار کو محفوظ رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، میں چیزیں بنانے میں اچھا ہوں اور ہم اسے جلدی اور وقت پر تعمیر کروائیں گے۔ یہ خوبصورت ہو گی۔لیویٹ کے مطابق نیا ڈھانچہ 8,000 مربع میٹر (90,000 مربع فٹ) پر محیط ہوگا اور اس میں 650 افراد کے بیٹھنے کی جگہ ہو گی۔لیویٹ نے کہا، بال روم جو ٹرمپ کے دیرینہ عزائم میں سے ایک ہے، اس پر کام ستمبر میں شروع ہوگا اور توقع ہے کہ جنوری 2029 میں ان کی دوسری مدت کے اختتام سے بہت پہلے یہ مکمل ہو جائے گی۔امید ہے کہ یہ تقریب گاہ واشنگٹن کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سربراہانِ مملکت کے اعزاز میں دیئے گئے عظیم الشان ریاستی عشائیے کی میزبانی کرے گی۔ اب تک عموماً وائٹ ہاوس کے میدانوں میں ایک بہت بڑا خیمہ لگا کر ایسا کیا جاتا تھا۔حکومت کے پیش کردہ بال روم کا ایک ماڈل ظاہر کرتا ہے کہ یہ بلند کھڑکیوں والی ایک سفید عمارت ہو گی۔ اس کے کالم اور سامنے کی شکل وائٹ ہاوس کی مرکزی عمارت کی طرز پر ہے جس کا بیرونی حصہ تمام دنیا میں مشہور ہے۔بال روم کی عمارت ایسٹ ونگ کی جگہ لے گی جس میں عموماً امریکی خاتون اول کے دفاتر ہوتے ہیں۔ٹرمپ جو تکلفات سے باز نہیں آتے، انہوں نے اوول آفس کو بھی نئی صورت دی ہے اور کمرے میں طلائی رنگ کروا دیا ہے جو چھت پر صدارتی مہر کے اردگرد ستاروں سے لے کر آتش دان پر طلائی مجسموں اور آتش دان کے بالائی تختے تک نمایاں ہے۔بیسویں صدی کے آغاز میں صدر تھیوڈور روزویلٹ کی طرف سے تزئین و آرائش اور توسیع کے کاموں کے بعد سے یہ ایک اہم ترین منصوبہ ہے۔صدر ہیری ٹرومین نے بھی 1948 اور 1952 کے درمیان قابلِ ذکر تعمیراتی کام کی نگرانی کی لیکن بیرونی ڈھانچے کو تبدیل کیے بغیر ایسا کیا۔ٹرمپ نے کچھ عرصے سے کہا ہے کہ وہ وائٹ ہاوس کا بال روم اپنی جائیدادوں سے متاثر ہو کر بنانا چاہتے ہیں۔یہ فلوریڈا میں مار-ا-لاگو مینشن کے بال روم سے بھی متاثر ہو گا۔ریپبلکن ارب پتی صدر مار-ا-لاگو کے صحن سے متاثر ہو کر حال ہی میں وائٹ ہاوس کے تاریخی روز گارڈن کا لان ہموار کر رہے ہیں جہاں اکثر سرکاری تقریبات منعقد ہوتی ہیں۔وہ وائٹ ہاوس کے باہر دو بڑے امریکی پرچم لہرا رہے ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan
